اپنا وائلن صحیح جگہ بجائیں

مصنف : محمد عبداللہ بخاری

سلسلہ : اصلاح و دعوت

شمارہ : اپریل 2022

وائلن کا شمار موسیقی کے ان آلات میں ہوتا ہے جن کو بجانا سیکھنا ایک مشکل مرحلہ ہے اور اسے سیکھنے کے لیے گٹار یا پیانو سے کہیں زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے.اس وائلن کو سیکھنے کے لیے Joshua Bells نے زندگی کے چالیس سال اس آلے کو دئیے ہیں اور ان کا شمار دنیا کے سب سے بہترین وائلن پلئیرز میں ہوتا ہے. اس بات کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ جنوری 2023 میں ان کے ایک کنسرٹ کی ٹکٹس پہلے ہی ایڈوانس بک ہوچکی ہیں اور کل رات تک صرف چھ ٹکٹس دستیاب تھی اور ایک ٹکٹ کی قیمت 336 ڈالر (پاکستان ساٹھ ہزار) ہے.مزید یہ کہ Joshua Bells ایک منٹ میں کم سے کم ایک ہزار ڈالر کما لیتے ہیں.
وائلن کے اس پلیئر کی خاص بات انکی سکل اور سالوں کی محنت ہے جو ان کو چوٹی کا وائلن پلیئر بناتی ہے اور سینکڑوں لوگوں کئی مہینے پہلے انکو چند منٹ سننے کے لیے ہزاروں روپے دے کر ایڈوانس بکنگ کرالیتے ہیں.
اسی وائلن پلیئر نے ایک تجربہ کرنے کا  سوچا یہ جاننے کے لیے کسی مصروف جگہ اگر اتنا بڑا وائلن پلیئر اگر وائلن بجائے تو لوگوں کا ری ایکشن کیا ہوگا؟
تجربے میں Joshua Bells نے ایک بالکل عام آدمی کا روپ دھارا اور ایک Subway میں تقریباً پینتالیس منٹ وائلن بجاتے رہے اس امید پر کہ لوگ ان کے وائلن کی مسحور کن دھن کو سن کر رکیں گے اور پھر ان دھنوں میں کھو جائیں گے.
لیکن نتائج امید کے برعکس آئے اور پینتالیس منٹ میں ایک مصروف Subway میں وائلن بجانے کے بعد یہ عظیم آرٹسٹ صرف 32 ڈالر ٹپ کے طور پر کما پایا اور اس میں سے بھی 20 ڈالر ایک ایسے شخص نے دیے جس نے پہچان لیا کہ یہ تو Joshau Bells ہے.
لیکن ایسا کیوں ہوا کہ اتنا شہرت یافتہ پلیئر اور لاکھوں کی فالونگ والا پلیئر چند لوگوں کو متوجہ نہ کر پایا؟
یاد رہے کہ یہ تو وہی آرٹسٹ ہے جس کے لیے ہزاروں لوگ ایڈوانس بکنگ کرالیتے ہیں اور ایک Subway میں کوئی اسے مفت میں سننے کو تیار نہیں.
جانتے ہیں اس سب کی وجہ کیا ہے؟
اس کی وجہ ہے وائلن وہاں بجانا جہاں سننے والے ہی نہ ہوں یا کسی کو غرض ہی نہ ہو کہ وائلن کون بجا رہا اور کیا بجا رہا ہے.
شاید ہم میں سے اکثر لوگ بھی Joshua Bells کی طرح غلط جگہ وائلن بجا رہے ہوتے ہیں. فرق اتنا ہے کہ Joshua نے تجربہ کے طور پر ایک بار ایسی جگہ وائلن بجایا اور ہم پوری زندگی وائلن بجاتے رہتے ہیں.
ایسی جگہ یا ایسے لوگوں کے سامنے وائلن بجاتے ہیں جو نہ تو ہماری دھن سمجھ پاتے ہیں اور نہ اس دھن کے پیچھے چھپا ہمارا ہنر.
یہ بات میں خود دو سال سے زیادہ اپنا وائلن بجانے کے بعد سمجھ پایا ہوں کیونکہ میں خود دو سال سے زیادہ اسی امید پر محنت کرتا رہا کہ شاید سامنے والے کو میری محنت اور ہنر کی قدر ہوگی لیکن نتیجہ صفر آیا کیونکہ میں تو اپنا وائلن ہی غلط جگہ بجا رہا تھا. 
اگر آپ بھی اپنی نوکری، رشتوں یا کسی بھی جگہ اتنا وقت دینے کے بعد بھی وہیں کھڑے ہیں جہاں پہلے دن تھے اورآپ  کی قدر نہیں ہو پا رہی تو سمجھ جائیں کہ آپ وائلن غلط جگہ بجا رہے ہیں.
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپکی سکل، جذبات، ہنر یا احساسات یا کسی بھی چیز کی قدر ہو تو اپنا وائلن صحیح جگہ پر بجائیں ورنہ ویسی ہی بے قدری ہوتی رہے گی جو پینتالیس منٹ Joshau Bells کی ہوئی.

 

https://youtu.be/fYpnkadaY94