مراقبہ اور ٹویٹر کا بانی

مصنف : آفاق احمد

سلسلہ : اصلاح و دعوت

شمارہ : جنوری 2022

 ٹویٹر کے شریک بانی اور سابقہ چیف ایگزیکٹو چھیالیس سالہ جیک ڈورسی کی روز مرہ زندگی کے کچھ زاویوں کی طرف توجہ دلانا مقصود ہے -اس کی زندگی کا پہلا زاویہ یہ ہے کہ جیک صبح ایک گھنٹہ اور شام ایک گھنٹہ یکسو ہوکر، پرسکون ہوکر بیٹھنے کا معمول رکھتے ہیں۔Meditation
یوگا میں بھی آلتی پالتی مار کر بیٹھے رہنے کا یہ طرز موجود ہے۔صوفی ازم میں مراقبہ مستعمل ہے۔جیک تو دن میں دو گھنٹے یہ معمول رکھتے ہیں لیکن وہ عام شخص کے لیے ایک وقت دس منٹ ایسے بیٹھے رہنے کو بھی کار آمد سمجھتا ہے۔مراقبے میں ہم یہی انداز دیکھتے ہیں۔آلتی پالتی مار کر بیٹھتے ہوئے کمر سیدھی رکھی جائے اور ساتھ ساتھ گردن، چہرہ بھی سیدھا ہو۔ تمام جسم ڈھیلا چھوڑا جائے۔زبان ہلائے بغیر مختلف مسائل سوچے جاسکتے ہیں۔ ساتھ ساتھ ایسے انداز ہو کہ اللہ پاک کو بتا رہا ہوں۔ میں ایسے کرتا ہوں لیکن ہو نہیں پاتا، یہ کیا لیکن نہ ہوسکا، غرضیکہ پورا دل کھول دیا جائے، تصور رکھے کہ سب سے زیادہ مہربان ہستی کو بتا رہا ہوں۔کچھ دن کا کیا کہنا، ایک دو دن میں بہت کچھ محسوس ہوگا۔
بیٹھنے کا اہتمام مشکل لگے یا میسر نہ ہو تو جیسے آسانی ہو بلکہ سونے سے پہلے تو کرنا کافی آسان ہے۔ آنکھیں بھی بند، ماحول بھی میسر۔ کائنات پر غور و فکر، اپنے مسائل پیش کرنا، حل مانگنا۔کبھی شکر گزاری کے لیے  تمام نعمتیں سوچی جائیں۔ سب اعضاء سلامت ہیں، ماں باپ کی نعمت، ایمان کی نعمت وغیرہ۔
جیک ڈورسی کا دوسرا معمول دفتر پیدل جانا اور واپس پیدل آنا ہے۔یہ تھوڑا فاصلہ نہیں، ایک طرف پانچ میل کا فاصلہ ہے یعنی آٹھ کلومیٹر سے زائد۔ ایک گھنٹہ پندرہ منٹ کی یکطرفہ واک۔ہمارے ہاں عمر گزرنے اور دولت آنے کے ساتھ سب سے پہلے پیدل چلنا چھوڑا جاتا ہے۔ آدھا کلومیٹر بھی جانا ہو تو سواری پر۔جیک ڈورسی ارب پتی ہے اور وہ بھی ڈالرز والا-ہم کم از کم یہ کرسکتے ہیں کہ ایک دو کلومیٹر کی مسافت پر کام ہو تو پیدل چلے جائیں۔ واک کا معمول بنا لیا جائے تو کمال است۔
ایک مسئلہ یہ ہے کہ پیدل چلتے ہوئے ذہن کہاں مشغول ہو؟اس کے لیے تو آسان حل ہے کہ تسبیحات پڑھ لی جائیں۔پہلا کلمہ، درود پاک چاہے مختصر ہو، تیسرا کلمہ، استغفار۔آج کل کے ڈیجیٹل کاؤنٹرز بطور تسبیح اٹھانا بھی سہل اور تعداد یاد رکھنے کا جھنجھٹ بھی ختم۔
جیک ڈورسی کے مزید معمولات بھی ہیں لیکن فی الحال یہ دو ہی کافی ہیں۔اب یہ سوال ذہن میں آسکتا ہے کہ وہ کھرب پتی ہے، اُس کے لیے آسان ہے لیکن ایسا نہیں۔مختصراً یہ بتا دیتا ہوں کہ جیک ڈورسی صبح بہت جلد اُٹھنے کا عادی ہے۔ جو جلد اٹھنے کا عادی ہو، اُسے اوقات بہت وسیع معلوم ہوتے ہیں۔یعنی وقت کی منیجمنٹ بھی خوب۔ڈورسی فوائد کیا بتاتا ہے؟
ذہنی دباؤ میں کمی-ذہنی تناؤ میں کمی - ڈپریشن میں کمی-بے چینی میں کمی-فوکس، یکسوئی میں اضافہ-مختلف کام کرنے کی صلاحیت میں اضافہ
آغاز مشکل سہی لیکن ثمرات، فوائد، مثبت نتائج بہت زیادہ ہیں۔