آرا و تاثرات

مصنف : محمد صدیق بخاری

سلسلہ : آرا و افکار

شمارہ : نومبر 2004

ستمبر کے شمارے کے بارے میں ایک خط

برادر ِمکرم بخاری صاحب

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

امید ہے مزاجِ گرامی بخیر ہوں گے۔ صبر آزما انتظار کے بعد سوئے حرم کی صورت میں ایک ایسا ماہنامہ موصول ہوا جسے بجا طور پر میں اپنے دل کی آواز کہہ سکتا ہوں۔انشاء اللہ سوئے حرم اپنے نام کی مناسبت سے بھٹکے ہوئے آہو اور ناقہ بے زمام کو جادہ فوز و فلاح پر گامزن کرنے کا سبب بنے گا۔ حالات و و اقعات ایک ایسے ہی پرچے کا تقاضا کر رہے تھے جو اس بکھری ہوئی امت کے فروعی اختلافات کو ہو ادینے کے بجائے اسے اصول پر اکٹھا کرنے کی سعی کا مظہر ہو۔ وقتی مسائل کے بجائے حقیقی مرض کا تعین کر کے قابل عمل علاج واضح کرنے والا اور ہر ذوق اورہر میدانِ عمل کی پیاس کا ساماں کرنے والا ہو۔

تمام مضامین قابل تعریف ہیں لیکن ذاتی ذو ق کی مناسبت سے ’ جسے اللہ رکھے ’ ادبیات’ اصلاح و دعوت ’ چھوٹے نام بڑ ے لوگ’ نو رالقرآن’ حدیثِ نبویﷺ اوریسئالون کے زیرِ عنوان تحریریں بہت پسند آئیں۔

چند مشورے پیشِ خدمت ہیں۔

۱۔ ادبی تحریروں کو تسلسل سے جاری رہنا چاہیے۔

۲۔ ڈپریشن ’ تناؤ جیسے مسائل کے تدارک کیلئے فنی تحریروں کے بجائے ایسی تحریریں شامل اشاعت ہو نی چاہیں جو افراد کی سوچ کو بدلنے کا باعث بنیں۔

۳۔ اللہ تعالی کی سنت آزمائش کو اس طرح واضح کیا جائے کہ مسائل’ وبال کے بجائے زینہ فلاح محسوس ہوں۔

۴۔ بچوں کی تربیت کے حوالے سے ایسی تحریریں شامل ہونی چاہیں کہ والدین خود کو فی الحقیقت راعی اور مسؤل سمجھ کر اللہ تعالی کی اس امانت کی نگہداشت کے گر سیکھ سکیں۔

۵۔ ایسی تحریریں شاملِ اشاعت ہو نی چاہیں کہ جن سے یہ شعور پروان چڑ ھے کہ طلبِ حقوق کی نسبت اپنے فرائض سے عہدہ برآ ہونے کی فکر میں رہنا اور اس کے لئے سعی کرتے رہنازیادہ مستحسن ہی نہیں بلکہ لازمی و لابد ی ہے۔

انشاء اللہ آئندہ پرچہ نئی تابناکیوں کا حامل ہو گا۔ دعا اور التجائے دعا کے ساتھ خدا حافظ۔

 آپ کا بھائی ۔ محمد عارف حسین

 اسلام آباد

٭٭٭

محتر م مدیر صاحب

السلام علیکم

سوئے حرم ملا۔ اس مادی دور میں جبکہ ہر شحض حرصِ مال میں سرگرداں ہے ۔ اسلام کے نزدیک لانے اور دینی لگن پید اکر نے کے لئے یہ ایک گرانقدر کوشش ہے ۔ محسوس ہوتا ہے کہ دینی و دنیاوی قدروں کو یکجا کرنا اس رسالے کامقصد ہے۔ جو کہ بذاتِ خود ایک مستحسن عمل ہے۔میر ی دعا ہے کہ اللہ تعالی اس جریدے کو دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔

 پروفیسر جاوید آزاد

 گورنمنٹ کالج آف سائنس وحدت روڈ لاہور

٭٭٭

جناب مدیر صاحب

السلام علیکم

سوئے حرم دیکھ کر خوشی ہوئی۔میرا پہلا تاثر یہ تھا کہ یہ مولویوں کارسالہ ہوگالیکن مضامین نے یہ تاثر دور کر دیا اور محسوس ہو ا کہ اس میں مولوی پن نہیں بلکہ جدت ہے ۔ میں بہت سے رسائل کا قاری ہوں۔آپ کے ابھی دو شمارے ہی میرے پاس پہنچے ہیں۔ ان سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کا پروگرام ایک معیاری علمی’ادبی’ اصلاحی اور تفریحی رسالہ پیش کرنے کا ہے۔ میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ ایک مضمون بھیج رہا ہوں۔ قابل اشاعت ہو تو آئند ہ اشاعت میں شامل فرما کر ممنون فرمائیں۔

 رضی الرحمن

 شفیق نگر اوکاڑہ

٭٭٭

میں نے سوئے حرم کا مطالعہ کیا۔ یہ واقعتاً بہت معلوماتی اور معاشرے کے بہت سے طبقات کی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔ عبدالسلام عباسی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایکسپورٹ پروموشن بیورو۔ حیدر آباد

٭٭٭

سوئے حرم نے سات تفاسیر کا انتخاب پیش کر کے بہت ہی قابل قدر کام کیا ہے۔اس کے علاوہ ایکسپورٹرز کی ضروریات کے پیش نظر ضروری معلومات ایک بہت اچھی کاوش ہے جوکہ جاری رہنی چاہیے۔میر ی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ ظفرا للہ نیازی۔ کسٹم ہاؤس لاہور

٭٭٭