اسلام نیٹ پر

مصنف : محمد متین خالد

سلسلہ : انٹرنیٹ کی دنیا

شمارہ : اکتوبر 2004

محمد متین خالد ؍ عبداللہ بخاری

انٹرنیٹ بلاشبہ اس دور کی انتہائی اہم ایجاد ہے۔ جس نے زمان و مکان کے فاصلوں کے بے معنی کر کے رکھ دیا ہے۔ ہر فرد، ہر طبقہ، ہر شعبہ اور ہر ملک اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے کوشاں ہے۔ لیکن سائنس کی باقی ایجادات کی طرح یہ ایجاد بھی خیر کے ساتھ ساتھ شر کے پہلو سے خالی نہیں ہے۔ اور یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ نسلِ انسانی ہمیشہ کی طرح اس کے شر والے پہلو کی طرف زاغب ہیں۔ لیکن یہ بات بہرحال اطمینان بخش ہے کہ حاملین خیر بھی اس دوڑ میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ ان سطور میں انہیں حاملین خیر کا تعارف کرانا مقصود ہے۔ اس دفعہ ہم دو منفرد قسم کی اسلامی سائٹس کا تعارف پیش کر رہے ہیں۔ قارئین سے استدعا ہے کہ اگر ان کے علم میں کسی بھی پہلو سے اسلام کی خدمت سرانجام  دینے والی سائٹ ہو تو اس کا تعارف اور ایڈریس ہمیں ضرور ارسال فرمائیں۔ یہ صفحات آپ کے منتظر رہے گے۔

اسلامی ورثہ

www.muslimheritage.com

            یہ اسلامی ورثہ پر بے حد علمی اور خوبصورت سائٹ ہے۔ اسلامی تاریخ ،اسلامی تہذیب وتمدن اور اس کے دیگر روشن پہلوؤں پربے حد قیمتی تصاویر اور مواد موجود ہے۔ علاوہ ازیں یہاں مسلمان سکالرز کے بارے میں اہم اور قیمتی معلومات موجود ہیں۔ اسلامی تاریخ سے شغف رکھنے والوں کے لیے یہ سائٹ ایک نعمت سے کم نہیں۔

            تاریخ اور سوانح نگاری مسلمانوں کا پسندیدہ فن ہے۔ ابتدائی زمانہ اسلام سے لے کر آج تک مسلمانوں نے بڑی خوبی اور عمدگی کے ساتھ اس سے استفادہ کیا ہے۔ اہل علم وذوق کے لیے یہ سائٹ خاصے کی چیز ہے۔ ہر موضوع پرتحقیق کا موادموجود ہے۔ اسے ضرور وزٹ کریں۔

اسلامی وال پیپرز اور سکرین سیور

www.netmuslims.com

            کمپیوٹر اورانٹرنیٹ استعمال کرنے والے شائقین کی یہ زبردست خواہش ہوتی ہے کہ ان کے مانیٹر پر خوبصورت سے خوبصورت، عجیب وغریب ، سب سے دلچسپ اور سب سے منفرد وال پیپرزاور سکرین سیور ہوں۔ اس سلسلہ میں کمپیوٹر کے شائقین اچھی سے اچھی چیزوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔ لیکن وہ اس جنون میں یہ بات بھول جاتے ہیں کہ وہ کس چیزکا انتخاب کررہے ہیں۔بعض لوگ جانوروں اور زہریلے حشرات الاراض کو وال پیپرز کے طورپر استعمال کرتے ہیں، بعض منچلے انڈین ایکڑسوں کی نیم عریاں تصاویر سے اپنا دل بہلاتے ہیں۔ اس سے شخصیت پر کوئی اچھا تاثر نہیں پڑتا۔ کیا ہی اچھا ہو کہ آدمی جب اپنا کمپیوٹر آن کرے تو نہ صرف یہ کہ سکرین پر نہایت خوبصورت انداز میں بسم اللہ الرحمن الرحیم کی خطاطی نظر آئے بلکہ ساتھ ہی آڈیو سے اس کی دلنشیں آواز میں تلاوت ہو یا اسلامی مقامات مقدسہ کی نایاب اور متبرک تصاویر ہوں جس سے آنکھوں کو ٹھنڈک اور دلوں کو سکون ملے۔ اس سلسلہ میں زیرنظر ویب سائٹ ایک نعمت ہے۔بتانا ہمارے ذمہ تھا اس سے استفادہ آپ کے ذمہ ہے۔