نعت رسول کریم ﷺ

مصنف : ابوالمجاہد زاہد

سلسلہ : نعت

شمارہ : دسمبر 2020

بس! محمد (ﷺ) ہے نبی سارے زمانے والا
اب کوئی اور پیمبر نہیں آنے والا
دعوائے حبِ محمد (ﷺ) تو ہے سب کو لیکن
کون ہے دل میں محمد (ﷺ) کو بسانے والا
اسوہ رحمتِ عالم کی جھلک کس میں ہے
کون ہے آپ کو معیار بنانے والا
ہم کہ اپنوں سے بھی غیروں کی طرح جلتے ہیں
وہ کہ غیروں کو بھی سینے سے لگانے والا
ہم بناتے ہیں مسلمانوں کو کافر زاہدؔ
کافروں کو وہ مسلمان بنانے والا