حمدیہ ماہیے

مصنف : خضر حیات ناگپوری

سلسلہ : حمد

شمارہ : دسمبر 2006

 

طوفاں میں کنارا تو
ڈوبنے والوں کا
بس ایک سہارا تو
امید کرن ہے تو
غم کے اندھیرے میں
راحت کا چمن ہے تو
صحرا میں کھلائے تو
پھول مہک والے
گلشن میں سجائے تو
معبود ہے تو سب کا
تیری طرف دیکھیں
مقصود ہے تو سب کا
تجھ ہی سے مدد چاہیں
راہ جو ہے سیدھی
نصرت سے تری پائیں
بگڑی کو بنا مولا
رہ پہ چلا اپنی
عقبی کو سجا مولا
اللہ کرم کر دے
نام ترا میں لوں
دامن کو مرے بھر دے
یا رب یہ دعا سن لے
دین ہو پھر غالب
مسلم کی صدا سن لے
 
خضر حیات ناگپوری
حال مقیم ابو ظبی