حمد رب کریم

مصنف : قاضی رؤف انجم

سلسلہ : حمد

شمارہ : فروری2015

حمد رب کریم
اک تو باقی، فانی سب ، میرے اللہ میرے رب
تیری ہر تخلیق عجب ، میرے اللہ میرے رب
راز تھا ہر شے پر طاری ، جسم سے ہر شے تھی عاری
بس تھی تیری ذات ہی تب ، میرے اللہ میرے رب
اللہ، واحد تیری ذات ، بے گنتی ہیں تیری صفات
اور الٰہی تیرا لقب ، میرے اللہ میرے رب
از اول تا آخر تو ، جزو میں کل میں ظاہر تو
تو ہی تو ہے تب اور اب ، میرے اللہ میرے رب
یہ جو چاند ستارے ہیں ، تیرے صرف اشارے ہیں
حکمت تیری ، روز و شب ، میرے اللہ میرے رب
خیر و شر بھی سب تیرے ، علم و ہنر بھی سب تیرے
میں کیا کھولوں اپنے لب ، میرے اللہ میرے رب
حرف اور الفاظ ترے ، قاری اور حفاظ ترے
سب میں ہے ملحوظ ادب ، میرے اللہ میرے رب
انجم تیرا بندہ ہے ، وہ بھی حسرت رکھتا ہے
دوبارہ پہنچا دے عرب ، میرے اللہ میرے رب
قاضی رؤف انجم