انگریزی ، کچھ دلچسپ حقائق

مصنف : عارف وقار

سلسلہ : لسانیات

شمارہ : اپریل 2006

            سکولوں کالجوں کی سطح تک طلبہ اس بحث میں بڑی گرم جوشی سے حصہ لیتے ہیں کہ انگریزی زبان کا سب سے لمبا لفظ کونسا ہے۔ اس سلسلے میں میڈیکل طلبہ ہمیشہ سبقت لے جاتے ہیں کیونکہ میڈیکل کتابوں میں لمبی لمبی طبی اصطلاحات مل جاتی ہیں جن میں سے کچھ چالیس حروف یا اس سے زیادہ کی بھی ہوتی ہیں۔

            جب ہم سٹوڈنٹ تھے تو غیر طبّی اصطلاحات میں جو سب سے لمبا لفظ ہمارے احاطہء معلومات میں آیا وہ تھا ANTIDISESTABLISHMENTARIANISM۔ اس میں 28 حروف ہیں لیکن بعد میں پتہ چلا کے ایک اور لفظ اسے مات دے چکا ہے کیونکہ وہ 29 حروف کا ہے، یعنی : FLOCCINAUCINIHILIPILIFICATION۔

لیکن اس لفظ کا مطلب تلاش کرنے کے لیے آپ کو ڈکشنری کھولنے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس کا مطلب ہے : کسی چیز کو بیکار قرار دینے کا عمل۔ اور آپ یقیناً اب تک اس لفظ کو بے کار قرار دے چکے ہوں گے۔

            زمانہ جدید کی بہت سی ایجادات کا سہرا چونکہ انگریزی بولنے والے موجدوں کے سر ہے اس لیے انگریزی کے کچھ الفاظ اور جملے سائنس کی تاریخ میں ابدی حیثیت اختیار کر گئے ہیں۔ مثلاً ٹیلی فون کے موجد الگزنڈر گراہم بیل نے سب سے پہلے اس آلے پر یہ جملہ بولا تھا، Watson, please come here, I want you ۔

            ٹامس ایڈیسن نے آواز ریکارڈ کرنے کی مشین (phonograph) ایجاد کی تو سب سے پہلے یہ جملہ ریکارڈ کیا: Mary had a little lamb۔ یہ لائن دراصل بچوں کی ایک مشہور نظم سے لی گئی ہے۔ (یہ اولین ریکارڈ شدہ آواز لندن کے سائنس میوزیم میں محفوظ ہے اور ریکارڈنگ کے پرانے آلات بھی۔)

            چاند کی سطح پر سب سے پہلے جو آواز گونجی وہ بھی انگریزی زبان میں تھی اور الفاظ تھے : O.K ، یعنی سب ٹھیک ہے۔ خود o.k کا لفظ کس طرح وجود میں آیا تھا، یہ ایک متنازعہ سوال ہے۔

            کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک امریکی صدر اینڈریو جیکسن نے all correct کے غلط ہجے یعنی oll kurrect استعمال کرتے ہوئے اس کے حروف o.k کو پاپولر بنا دیا۔ لیکن یہ محض ایک عوامی توضیح ہے۔ زیادہ صحیح یہ خیال معلوم ہوتا ہے کہ ریڈ انڈین لفظ okeh (ٹھیک ٹھاک) اس کا اصل ماخذ ہے۔

            اگر آپ دنیا کے تمام بر اعظموں کے نام انگریزی میں لکھیں تو آپ پر انکشاف ہوگا کہ ہر بر اعظم کا نام جس حرف سے شروع ہوتا ہے، اسی پر ختم ہوتا ہے۔

            انگریزی ٹائپنگ سیکھنے والے جب ابتدائی سبق پڑھ لیتے ہیں تو انہیں انگریزی کا یہ جملہ ٹائپ کرنے کے لیے دیا جاتا ہے: The quick brown fox jumps over the lazy dog

            اس جملے میں نہ تو پھرتیلی بھوری لومڑی کی تعریف و توصیف مقصود ہے اور نہ سست الوجود کتے کو لعن طعن کرنا، بلکہ بات صرف اتنی سی ہے کہ اس جملے میں انگریزی ابجد کے تمام حروف سما گئے ہیں۔ یقین نہ آئے تو خود گن کر دیکھ لیجئے۔

            اور اگر آپ key board کے سامنے آ ہی گئے ہیں تو غور فرمائیے کے typewriter کا لفظ ہی وہ سب سے لمبا لفظ ہے جو آپ صرف پہلی قطار کے حروف کے اندر اندر ٹائپ کر سکتے ہیں۔

            اور اب انگریزی زبان کے بارے میں چند اور چٹکلے :

خدا حافظ کہنے کے لیے انگریزی لفظ good bye اصل میں اس جملے کی مختصر شکل ہے God be with you

            انگریزی کا so long جو کہ رخصت کے وقت بولا جاتا ہے اصل میں عربی کے سلام سے آیا ہے۔

            انگریزی میں silver اور orange دو ایسے الفاظ ہیں جن کا کوئی ہم قافیہ لفظ انگریزی میں موجود نہیں۔

Dreamt انگریزی کا واحد لفظ ہے جو mt پہ ختم ہوتا ہے۔

            انگریزی زبان میں صرف تین الفاظ ایسے ہیں جن میں دو u ایک ساتھ آتے ہیں یعنی : vacuum, residuum, continuum

انگریزی میں صرف چار الفاظ ایسے ہیں جو dous پر ختم ہوتے ہیں یعنی :

tremendous, horrendous, stupendous, hazardous۔

            اور آخر میں ایک انتہائی دلچسپ لفظ کا ذکر۔ آپ کو اکثر تجربہ ہوا ہوگا کہ آپ کچھ کہنے کے لیے الفاظ سوچ رہے ہیں لیکن جس لفظ کی آپ کو تلاش ہے وہ آپ کی یاد داشت سے پھسل پھسل جاتا ہے۔ بھول جانے کی اس کیفیت کے لیے انگریزی میں ایک لفظ موجود ہے۔ نوٹ فرمائیے : Lethologica۔