نعت رسول کریمﷺ

مصنف : پروفیسر خالد شبیر احمد

سلسلہ : نعت

شمارہ : فروری 2006

 

انسانیت کی اوج پہ توقیرہو گئی
دھرتی پہ ان کے نورسے تنویر ہو گئی
 
آنسو گرا جو ایک بھی الفت میں آپ کی 
مٹی میرے وجود کی اکسیر ہو گئی
 
رکھی میری سرشت میں مدحت حضورکی
بخشش کی میری دیکھیے تدبیر ہو گئی
 
وہ لمحہ جس کو کہتے ہیں معراج مصطفی
انسانیت کے فخر کی تصویر ہو گئی
 
گر ایک پل بھی ان کی حضوری کا مل گیا
سمجھو دل و نگاہ کی تطہیر ہو گئی
 
اعجاز ہے حضور کی چشم کرم کا یہ
مجھ بے نوا کی دہر میں توقیر ہو گئی
 
دیکھو فضائے سدرہ ہے مغموم آج بھی
شاید فراق ِشاہ میں دلگیر ہو گئی
 
مجھ کو ملا ہے نسبت سرکا ر کا شرف
ایسے معاف ہرمیری تقصیر ہو گئی
 
اک اینٹ رہ گئی تھی نبوت کے قصر میں
آپ آ گئے تو ختم یہ تعمیر ہو گئی
 
خالد انہی کے نام سے ہے رنگ کائنات
دنیانگاہ حسن کی نخچیر ہو گئی