نعت رسول کریمﷺ

مصنف : رزاق افسر

سلسلہ : نعت

شمارہ : نومبر 2007

 

آپؐ آئے تو اندھیروں کا ہے چکر ٹوٹا
گمرہی اور جہالت کا ہے امبر ٹوٹا
 
ٹوٹنا تھا جسے وہ کفر بھی آخر ٹوٹا
بت کدے ٹوٹ گئے تیشہء بت گر ٹوٹا
 
بات مظلوم کی بن آئی بطفیل آقاؐ
ظلم کی رات ڈھلی دست ستم گر ٹوٹا
 
جس سے صد چاک ہوا تھا کبھی حمزہ ؓ کا بدن
بوجھ سے بار ندامت کے وہ خنجر ٹوٹا
 
فتح مکہ میں کوئی سر نہیں تن سے اترا
نہ ہی اغیار کی دیواروں کا کنکر ٹوٹا
 
اے خدا کفر کا غلبہ تیری نصرت کے طفیل
دین والوں کی امیدوں سے ہے بڑھ کا ٹوٹا
رزاق افسر
(انتخاب، خضر حیات ناگپوری)
رزاق افسر بھارت کی ریاست کرناٹک کے شہر میسور میں ۱۹ دسمبر۱۹۲۸ کو پیدا ہوئے اور اسی تاریخی شہر میں بچپن سے جوانی اور جوانی سے بڑھاپے میں داخل ہوئے ۔ گزشتہ تیس برس سے بینائی جیسی عظیم نعمت سے محروم ہو چکے ہیں۔ نابینائی کے باوجود تخلیقی عمل کا سلسلہ جاری ہے ۔اردو شعر وادب کے معروف ادبی مراکز سے دور میسور میں انہوں نے تن تنہا شعرو ادب کی شمع روشن کر رکھی ہے ۔ا ن کے تین شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں اور ایک نثری تصنیف ‘حرف آب دیدہ’ کے نام سے منصہ شہود پر آ چکی ہے ۔ انہوں نے اردو شاعری کی تمام قدیم و جدید اصناف سخن میں طبع آزمائی کی ہے ۔ حمد ، نعت، مناجات، مناقب اور دیگر دینی موضوعات پر کثرت سے لکھا ہے ۔ صالح فکر ، پاکیزہ نظر ،سوچتا ہوا ذہن ، اور کسی قدر دکنی اثرات سے مملو صاف ستھری زبان افسر کا سرمایہ امتیاز ہیں۔