نعت رسول کریمﷺ

مصنف : پیر عتیق احمد چشتی

سلسلہ : نعت

شمارہ : ستمبر 2008

حضورؐ جب بھی ثنا کا خراج دیتے ہیں 
شعور کا میرے دل کو اناج دیتے ہیں 

 

جو در پہ آئے گدا اس کو شاہ کرتے ہیں 
حضورؐ بیش تر از احتیاج دیتے ہیں 

 

غم و الم کا مداوا شہ انامؐ کی ذات 
وہ قلب غم زدہ کو ابتہاج دیتے ہیں 

 

جو ان کا طوق غلامی گلے کا ہار کرے 
حضورؐ اس کو دو عالم کا راج دیتے ہیں 

 

گدائے شاہ دو عالم ہوں فکر کاہے کی 
وہی نوازیں گے کل بھی جو آج دیتے ہیں 

 

ہم انقلاب کے داعی ہیں اس جہاں میں عتیق 
محبت شہ دیںؐ کو رواج دیتے ہیں