یہ جاگیردار

مصنف : ڈاکٹر لیاقت علی خان نیازی

سلسلہ : ادب

شمارہ : جنوری 2008

 ‘‘ایک دفعہ میں اپنے ایک دوست کے ہمراہ چک جھمرہ کے علاقے میں سفر کر رہا تھا۔ میرا دوست کہنے لگا ، دیکھیے نیازی صاحب !یہ سب زمین ہماری ہے ۔ کہنے لگا، قصہ یوں ہے کہ انگریز کے دور میں ڈپٹی کمشنر لائل پور کا ادھر سے گزر ہوا۔ میرے دادا جان نہر میں نہا رہے تھے کہ اچانک جیپ آتی دکھائی دی ۔ دادا جان جذبات سے اس قدر مغلوب ہوئے کہ ننگ دھڑنگ ہی نہر سے نکل آئے اور با ربار ہاتھ اٹھا کر کہنے لگے ‘‘صاحب سلام ، صاحب سلام’’ ڈپٹی کمشنر یہ منظر دیکھ کر گھبرا گیا اور حکم دیا کہ فوراً جیپ روکی جائے ۔ اپنے پی اے سے پوچھا کہ یہ شخص کون ہے او رکیا کہہ رہا ہے ۔پی اے نے کہا ، جنا ب یہ اپنے علاقے کے معززہیں ۔ یہ مہرصاحب ہیں ۔ جنا ب کی جیپ دیکھ کر خوشی سے اس قدر بے قابو ہوئے ہیں کہ کپڑے پہننا ہی بھول گئے اور با ر بار جناب کوRespect pay کر رہے ہیں۔ انگریز ڈپٹی کمشنر اس قدر خوش ہوا کہ اس نے فوراً حکم دیا کہ ان کی عزت افزائی کی جائے اورانگریز حکومت سے عقیدت اور احترام کے عوض ان کو اتنے مربعے الاٹ کیے جائیں۔میرے دوست نے جو پولیس میں ڈی ایس پی ہیں بڑے فخر سے یہ قصہ سنایا۔

( ڈاکٹر لیاقت علی خان نیازی ، بحوالہ رواداری اور پاکستان ص ۴۰۱)