حمدیہ کلام

مصنف : پروفیسر ڈاکٹر شیخ محمد اقبال

سلسلہ : حمد

شمارہ : جون 2009

 

ہونٹوں پہ رہ گیا ہے ترا نام اے خدا
میں گرتا جا رہا ہوں مجھے تھام اے خدا
 
ان کو نکال ، آپ سکونت پذیر ہو
دل تیرا گھر ، مقیم ہیں آلام اے خدا
 
تیری رضا ہے تو مجھے جس حال میں بھی رکھ
اب ختم ہو گیا ہے مرا کام اے خدا
 
ہر صبح تیرے نور سے بھرتی ہے جھولیاں
محتاج تیرے حسن کی ہر شام اے خدا
 
تیرے کرم سے ہو مرا ایماں پہ اختتام
ہر گام لگ رہا ہے مجھے دام اے خدا
 
آساں ہیں کس قدر ، مگر تاویلِ شیخ نے
مشکل بنا دیئے ترے احکام اے خدا
 
میں ے تو اپنے آپ کا آغاز کر دیا
اب تیرے ہاتھ میں مرا انجام اے خدا