نعت رسول کریمﷺ

مصنف : شاہین فصیح ربانی

سلسلہ : نعت

شمارہ : دسمبر 2011

 

حرف حرف عزت ہو ، لفظ لفط مدحت ہو
سوچ سوچ ندرت ہو ، شعر شعر حرمت ہو
 
لہجہ لہجہ امرت ہو ، صفحہ صفحہ عظمت ہو
نعت وہ لکھوں جس میں عجز ہو ، عقیدت ہو
 
پھول پھول نکہت ہو ، نجم نجم رفعت ہو
زیست زیست چاہت ہو ، خواب خواب قربت ہو
 
روح روح عشرت ہو ، قلب قلب الفت ہو
نعت وہ لکھوں جس میں عجز ہو ، عقیدت ہو
 
آپ ہی سے نسبت ہو ، اس طرح کی قسمت ہو
رنج رنج راحت ہو ، درد درد فرحت ہو
 
چشم چشم حسرت ہو ، آپ کی محبت ہو
نعت وہ لکھوں جس میں عجز ہو ، عقیدت ہو
 
سوچ ہو ، بصیرت ہو ، آپ ہی کی سیرت ہو
لمحہ لمحہ تسکیں ہو ، لحظہ لحظہ راحت ہو
 
گاؤں گاؤں خوشحالی ، شہر شہر جنت ہو
نعت وہ لکھوں جس میں عجز ہو ، عقیدت ہو
 
زندگی کا رستہ ہو ، ایک ہی تمنا ہو
اْن کے در پہ جانا ہو ، اور فصیح ایسا ہو
 
پاؤں پاؤں چلنا ہو ، عمر کی مسافت ہو
نعت وہ لکھوں جس میں عجز ہو ، عقیدت ہو