نعت رسول کریم ﷺ

مصنف : اقبال عظیم

سلسلہ : نعت

شمارہ : اکتوبر 2020

حالِ دل کس کو سنائیں آپ کے ہوتے ہوئے
اور دَر پہ کس کے جائیں آپ کے ہوتے ہوئے
میں غلام مصطفی ﷺ ہوں یہ مری پہچان ہے
غم مجھے کیوں کر ستائیں آپ ﷺ کے ہوتے ہوئے
شانِ محبوبی دکھائی جائے گی محشر کے دن
کون دیکھے گا خطائیں آپ ﷺ کے ہوتے ہوئے
زلفِ محبوبِ خدا لہرائے گی محشر کے دن
خوب یہ کس کی گھٹائیں آپ ﷺ کے ہوتے ہوئے
اپنا جینا اپنا مرنا اب اسی چوکھٹ پہ ہے
ہم کہاں سرکار جائیں آپ ﷺ کے ہوتے ہوئے
کہہ رہا ہے آپ کا رب ''اَنتَ فِیھِم'' آپ سے
میں انہیں دوں کیوں سزائیں آپ ﷺ کے ہوتے ہوئے
یہ تو ہو سکتا نہیں ہے یہ بات ممکن ہی نہیں
میرے گھر میں غم آ جائیں آپ ﷺ کے ہوتے ہوئے
کون ہے الطاف اپنا حال دل کس سے کہیں
زخم دل کس کو دکھائیں آپ ﷺ کے ہوتے ہوئے
٭٭٭
میرے تو سب کچھ ہی آقاﷺ آپ ہیں صرف آپ ہیں
اور لو کس سے لگاؤں آپ کے ہوتے ہوئے
میرے دکھ کو اور کوئی چارہ گر سمجھے گا کیا
زخمِ دل کس کو دکھاؤں آپ کے ہوتے ہوئے
میں کسی حاتم کے آگے اک سوالی کی طرح
ہاتھ کیوں پھیلانے جاؤں آپ کے ہوتے ہوئے
میرے تو دکھ درد کے واحد مسیحا آپ ہیں
اور میں کس کو بلاؤں آپ کے ہوتے ہوئے
میں بہت شرمندہ ہوں اپنے گناہوں پر مگر
یہ حقیقت کیوں چھپاؤں آپ کے ہوتے ہوئے
جو ستم مجھ پر ہوئے ہیں وقت کے ہاتھوں حضورﷺ
اور میں کس کو بتاؤں آپ کے ہوتے ہوئے
میرے لہجے کی تڑپ کو اور پہچانے گا کون
نعت کس کو جا سناؤں آپ کے ہوتے ہوئے
آپ کا اقبال میرے ساتھ ہے تو فکر کیا
رنجِ محشر کیوں اٹھاؤں آپ کے ہوتے ہوئے

اقبال عظیم