امراض معدہ سے نجات

مصنف : نامعلوم

سلسلہ : طب و صحت

شمارہ : اکتوبر 2012

چورن یعنی پھکی مقوی معدہ ہے اس سے اجابت صاف ہوجاتی ہے’ بھوک خوب لگتی ہے’ کھایا پیاہضم ہوجاتا ہے۔ بوڑھے بچے جوان’ مردو زن یہاں تک کہ حاملہ عورت اور بچہ تک بلا کھٹک استعمال کرسکتے ہیں یہ نہایت ہی خوشذائقہ لاجواب چورن ہے۔ یہ چورن میرا سالوں سے تجربہ شدہ ہے میرے نایاب نسخہ جات میں سے ایک ہے شوق سے آزمائیں۔ ہر گھر میں تیار رہنا چاہیے۔ نسخہ کے اجزاء اور ترکیب تیاری ملاحظہ فرمائیں۔ اجزاء : ہڑیر 120گرام’ بہیڑہ 120گرام’ آملہ 120گرام’ زیرہ سفید 60گرام’ سونف ایک پاؤ، نمک لاہوری ایک چھٹانک’ لونگ مدار 12گرام’ کشتہ فولاد 24گرام’ کلونجی 24گرام’ اسطخدوس ایک چھٹانک’ دانہ الائچی خورد 12گرام’ ست پودینہ شامل کرکے ڈھکنے والی شیشی میں ڈال لیں دوپہر اور شام کا کھانا کھانے کے بعد ایک چٹکی دواپانی سے کھالیں۔

اکسیر ہاضم

نفخ معدہ’ ترش ڈکار’ کلیجہ جلنا’ بھوک کا نہ لگنا’ بدہضمی’ اپھارہ وغیرہ کیلئے اکسیر ہے۔اجزاء: سوڈا بائیکارب 120گرام’ست لیموں 12گرام’ دانہ الائچی خورد 12گرام’ دھنیا ثابت 60 گرام’ گل گلاب 120گرام’ چینی ایک پاؤ’ ست اجوائن 6 گرام’ ست پودینہ 6 گرام’ کوٹنے پیسنے والی ادویہ کو کوٹ کر کپڑ چھان کرلیں اور دوپہر اور شام کا کھانا کھانے کے بعد چٹکی دوا پانی سے لے لیں۔

اکسیر معدہ

جملہ امراض معدہ میں ماشاء اللہ اکسیر کا حکم رکھتا ہے۔ اجزاء : نوشادر ٹھیکری 36گرام’ اجوائن 60گرام’ کالا نمک 36گرام’ پودینہ خشک 60 گرام’ سناء مکی 60 گرام’ تیزاب گندھک 36 گرام’ تمام ادویہ کو پرات میں ڈال کر پھیلا دیں اوپر سے تیزاب گندھک ڈال کر تمام ادویہ میں ملا کر چھوڑ دیں۔ خشک ہونے پر کوٹ کر چھان لیں اور ایک چٹکی دوا پانی سے لے لیں۔